واشنگٹن،26اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بحرالکاہل میں امریکی کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے درمیانے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے تین میزائل داغے گئے۔ ان میں سے دو نامعلوم فاصلہ طے کرنے کے بعد جبکہ ایک داغے جانے کے فوری بعد تباہ ہو گیا۔ اس بیان میں ان تینوں میزائل تجربوں کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہ گیا کہ یہ میزائل گوام میں امریکی فوجی چھاؤنی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہیں۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے اپنے بیان میں کہا کہ پیونگ یانگ نے غالباً اپنے تین سو ملی میٹر آرٹلری میزائل نظام کو آزمایا ہے۔ ملکی فوج نے ان تجربوں کی ناکامی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔ تاہم یہ ضرور بتایا کہ یہ راکٹ شمالی کوریا کے مشرقی ساحلوں سے فائر کیے گئے تھے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شمالی کوریا کے ان نئے تجربات کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے کہا، ہم صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ ٹرمپ پہلے ہی شمالی کوریا کو آگ اور غصے کی دھمکی دے چکے ہیں۔شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے نے بتایا کہ ملکی رہنما کم یونگ ان نے آج ہفتے کی صبح ملکی فوج کے اس خصوصی دستے کی تربیت دیکھی، جو جنگ کی صورت میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے مغربی ساحلوں کے قریب جنوبی کوریائی جزائر پر حملہ کرے گا۔